اسلام آباد (اے بی این نیوز)این ڈی ایم اے ( National Disaster Management Authority) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 19 سے 26 مئی کے دوران ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جس کے باعث شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، لودھراں، خانیوال، وہاڑی اور لاہور سمیت مختلف اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر، میرپورخاص اور دیگر علاقوں میں بھی شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے تربت، سبی، نصیر آباد، جعفر آباد، لسبیلہ اور پنجگور سمیت مختلف علاقوں میں بھی شدید گرمی کی لہر متوقع ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار کے راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتے درجہ حرارت کے باعث شمالی علاقہ جات میں گلیشیئرز پگھلنے سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ حساس علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ کا بڑا اقدام،سرکاری ملازمین کے لیے اہم اعلان















