اسلام آباد (اے بی این نیوز) وفاقی بجٹ 2026-27 کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم میں 5500 روپے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے رقم 14 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر آئی ایم ایف مشن سے مذاکرات جاری ہیں۔ مشن کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام آپریشنز پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔
مذاکرات میں بی آئی ایس پی کے سماجی تحفظ کے نظام کا جائزہ لیا گیا جب کہ پروگرام کے حکام نے مشن کو کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ ڈیٹا پر بھی بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق خاندانوں کی رجسٹریشن، سہ ماہی رقم اور آئندہ مالی سال کی ضروریات پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کفالت پروگرام کی سہ ماہی رقم آئندہ مالی سال میں بڑھائی جائے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن سے آج کل 4 ملاقاتیں شیڈول ہیں، مشن کی ایک ملاقات بی آئی ایس پی اور تین ایف بی آر حکام سے ہوگی۔
مزید پڑھیں:آندھی اور بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل















