واشنگٹن (اے بی این نیوز)امریکی حکومت نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے خلائی مخلوق، یو ایف اوز (UFOs) اور نامعلوم فضائی مظاہر (UAP) سے متعلق برسوں سے چھپائی گئی درجنوں خفیہ دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر لانے کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ان حساس فائلوں کو ڈی کلاسیفائی کرتے ہوئے عوام کے لیے جاری کیا۔
محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ تقریباً 170 فائلوں میں 1969 کے اپالو 12 مشن کی وہ تصاویر بھی شامل ہیں جن میں چاند کی سطح پر ‘نامعلوم مظاہر’ کو دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ 1972 کے اپالو 17 مشن کے خلانوردوں کی گفتگو کے ٹرانسکرپٹس بھی جاری کیے گئے ہیں، جن میں وہ چاند کے قریب نامعلوم اجسام کی موجودگی پر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کا کہنا ہے کہ ان فائلوں کو طویل عرصے تک خفیہ رکھنے سے قیاس آرائیوں نے جنم لیا، اب وقت ہے کہ عوام خود حقیقت دیکھیں۔
صدر ٹرمپ نے اس اقدام کو ‘غیر معمولی شفافیت’ قرار دیتے ہوئے سابقہ حکومتوں پر تنقید کی کہ وہ حقائق چھپاتی رہی ہیں۔
دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ ان دستاویزات کا اجرا ایران کے خلاف امریکی فوجی مہم اور جیفری ایپسٹین کیس سے متعلق عوامی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی ایک سیاسی کوشش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ اشنا شاہ کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع















