ملک کے مختلف علاقوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی ہے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی نے شہریوں کو الرٹ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں بارش متوقع ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب کے چند علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اور اس کے گردونواح میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں میں خوشی کے ساتھ احتیاط کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے۔
ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس،وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم جیسے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی لیکن ساتھ ہی نظامِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔
دوسری جانب قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق بارشوں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئرز پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔















