اہم خبریں

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس،وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب

اسلام آباد (رضوان عباسی )وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کیس کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کا اہم اجلاس آج شام طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق پورے معاملے کا تفصیلی جائزہ لے گی اور مختلف پہلوؤں کا قانونی و انتظامی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی جامع رپورٹ 8 مئی تک وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کرے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اس معاملے سے متاثرہ افراد کو بھی موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ اپنی معروضات کمیٹی کے سامنے پیش کر سکیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کمیٹی بلا امتیاز تمام فریقین اور متاثرین کا مؤقف سنے گی۔
کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم اس معاملے پر حتمی فیصلہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کو کابینہ ڈویژن کی جانب سے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔
کمیٹی کے ارکان میں وزیر مملکت داخلہ، سیکریٹری کابینہ اور سیکریٹری تجارت بھی شامل ہیں، جو اس معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کریں گے۔

متعلقہ خبریں