واشنگٹن (اے بی این نیوز) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے کہا ہے کہ اگر امریکا ہماری تجویز پر بات کرنا چاہتا ہے تو ہم اگلے ہفتے پاکستان میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران نے امریکا کو جنگ بندی کی اپنی تجویز سے آگاہ کر دیا ہے، جس میں آبنائے ہرمز کو کھولنے اور ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے اہم امور پر بات کی گئی ہے، جس پر ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے یہ پیغام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مذاکرات جاری رہیں گے۔
واقعے کی تفصیلات سے واقف افراد کا کہنا ہے کہ نئی ایرانی تجویز میں آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے شرائط پر بات کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جب کہ شرائط امریکا سے ایران پر حملے روکنے اور ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کی ضمانت کا مطالبہ کرتی ہیں۔
ایران نے اس سے قبل مطالبہ کیا تھا کہ امریکہ مذاکرات کی پیشگی شرط کے طور پر اپنی ناکہ بندی ختم کرے اور آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور اس کے جوہری پروگرام پر بات کرنے سے قبل جنگ کے خاتمے کے لیے شرائط پر اتفاق کرے۔ تاہم ایران نے اپنی نئی تجویز میں نرمی کی ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی تجویز میں امریکی ناکہ بندی اور دیگر امریکی پابندیوں سے نجات کے بدلے ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز کو کھولنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:سونے کی قیمت گر گئی،چاندی مہنگی،تفصیلات جانیے















