اہم خبریں

‘شوہر کو گردہ دو یا پھر 30 لاکھ روپے’ ، سسرالیوں کی بہو سے جہیز کی مانگ نے سب کو حیران کردیا،مقدمہ درج

(اوصاف نیوز) بھارت میں جہیز کے نام پر ایک حیران کن اور تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سسرال والوں نے بہو سے شوہر کے علاج کے لیے گردہ یا 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں پیش آیا، جہاں سسرال والوں نے مبینہ طور پر بہو پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے شوہر کے لیے گردہ عطیہ کرے یا پھر 30 لاکھ روپے کا بندوبست کرے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے سسرال والوں کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ شادی سے قبل اس سے یہ بات چھپائی گئی کہ اس کے شوہر کے دونوں گردے فیل ہو چکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شادی 22 جون 2025 کو لکھنؤ کے رہائشی نشانت کمار سے ہوئی تھی۔ شادی کے موقع پر لڑکی کے گھر والوں نے جہیز میں 8 لاکھ روپے نقد، زیورات اور ایک گاڑی بھی دی تھی۔

خاتون نے اپنی شکایت میں مزید بتایا کہ شادی کے بعد سسرال والوں کا رویہ نامناسب رہا اور وہ اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے تھے، جبکہ اس کا شوہر روزانہ کی بنیاد پر متعدد ادویات استعمال کرتا تھا۔

خاتون کے مطابق اسے بعد میں معلوم ہوا کہ اس کا شوہر کسی دوسری خاتون کے ساتھ بھی تعلقات میں ہے اور اس بات کا علم گھر والوں کو بھی تھا۔

پولیس کے مطابق سسرال والوں کی جانب سے گردہ دینے یا 30 لاکھ روپے فراہم کرنے کا مطالبہ کیے جانے کے بعد خاتون سسرال چھوڑ کر اپنے گھر واپس آ گئی، جبکہ سسرال والوں نے اس کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء بھی اپنے پاس رکھ لیں۔

پولیس نے شوہر نشانت کمار اور اس کے اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:آج پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی ، جانیے نئی قیمت کیا ہے ؟

متعلقہ خبریں