اہم خبریں

ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پلان تیار، نکات سامنے آگئے ،جا نئے تفصیل

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     )خطے میں بڑھتی کشیدگی کے درمیان ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کی بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان کی ثالثی میں ایک جامع پلان تیار کر کے فریقین کو پیش کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ فارمولہ دو مراحل پر مشتمل ہے، پہلے فوری سیزفائر جبکہ اس کے بعد حتمی معاہدے کی جانب پیش رفت کی جائے گی تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکے۔

اطلاعات کے مطابق اس مجوزہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھولنے کی تجویز بھی شامل ہے جس سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل بحال ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ راستہ کھل جاتا ہے تو عالمی منڈیوں میں جاری بے چینی میں کمی آ سکتی ہے اور توانائی کی قیمتوں میں استحکام آ سکتا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 15 سے 20 دن کے اندر ایک جامع ڈیل طے پانے کا امکان ہے جبکہ اس معاہدے کو “اسلام آباد اکارڈ” کا نام دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس دوران اعلیٰ سطحی رابطے مسلسل جاری ہیں اور مختلف ممالک کے درمیان مشاورت کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ کسی متفقہ حل تک پہنچا جا سکے۔

مجوزہ پلان میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ جوہری پروگرام سے متعلق کچھ پابندیوں کے بدلے ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں میں نرمی دی جا سکتی ہے، تاہم تاحال ایران کی جانب سے کسی حتمی رضامندی کا اعلان سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب عالمی سطح پر اس پیشرفت کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کی معیشت پر پڑ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں :ایران نے حیفا میں اسرائیلی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنیوالی ریفائنری کو تباہ کردیا

متعلقہ خبریں