ہیوسٹن ( اے بی این نیوز )امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے پاکستانی کمیونٹی کو غم میں مبتلا کر دیا جہاں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بھتیجے کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ 18 سالہ نوجوان پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعہ مبینہ طور پر گاڑی چھیننے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔
خاندانی ذرائع کے مطابق حملہ آور تین افراد تھے جو ایک گاڑی میں سوار تھے اور واردات کے بعد فرار ہو گئے، جبکہ مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے جس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔
نماز جنازہ آج دوپہر کے بعد مقامی مسجد میں ادا کی جائے گی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس واقعے کے بعد امریکا میں مقیم پاکستانیوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
یہ سانحہ ایک بار پھر بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے تحفظ سے متعلق سوالات کو جنم دے رہا ہے، سوشل میڈیا پر بھی واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :ملک بھر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی،9 اپریل تک موسلا دھار بارش ہو گی















