دبئی ( اے بی این نیوز ) دبئی میں دھماکوں کی آوازوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے میزائل اور ڈرون حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے صورتحال کی وضاحت کر دی ہے۔
حکام کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سنائی دینے والی زور دار آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی جانب سے آنے والے میزائلوں اور بغیر پائلٹ طیاروں کو ناکام بنانے کی کارروائی کا نتیجہ تھیں۔ وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ ممکنہ طور پر ایران کی جانب سے کیا گیا، جس میں ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کویتی تیل بردار جہاز کو دبئی پورٹ کے قریب نشانہ بنایا گیا جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کر دی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف پیدا ہوا، تاہم حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
ماہرین کے مطابق حالیہ واقعہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا حصہ ہو سکتا ہے، اور اگر ایسے واقعات میں اضافہ ہوا تو اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت اور تیل کی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے۔
مزید پڑھیں :اسپین اسرا ئیل کے خلاف کھل کر میدان میں آگیا















