بہار(اے بی این نیوز) چپڑاسی کی بھرتی کے امتحان کیلئے جاری ایڈمٹ کارڈ پر امیدوار کے بجائے کتے کی تصویر چھاپ دی گئی جس کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست بہار کے ضلع روہتاس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چپڑاسی کی بھرتی کیلئے ہونے والے امتحان کیلئے ایک ایڈمٹ کارڈ پر کتے کی تصویر نے امیدوار کو مشکل میں ڈال دیا۔
15 مارچ کو ہونے والے امتحان کے اس ایڈمٹ کارڈ پر نام، رول نمبر اور دیگر تفصیلات درست درج ہیں لیکن امیدوار کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر چھپی ہوئی ہے، امیدوار اسے درست کروانے کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔
امیدوار نے 2022 میں بھرتی کیلئے درخواست دی تھی اور وہ اب تک کئی بار بھرتی بورڈ سے شکایت کر چکا ہے لیکن ابھی تک اس کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی، امیدوار کا دعویٰ ہے کہ ان اسامیوں کا اعلان 2022 میں کیا گیا تھا اور اب جا کر ابتدائی امتحان منعقد کیا جا رہا ہے۔
اس نے بتایا کہ میرا امتحانی مرکز سہرسا میں واقع ہے، جب میں نے اپنا ایڈمٹ کارڈ دیکھا تو میں دنگ رہ گیا، میں نے درخواست دیتے وقت اپنی تصویر بالکل درست اپ لوڈ کی تھی اور میرے پاس اس کا ثبوت بھی موجود ہے۔
اس مضحکہ خیز غلطی نے حکومتی بھرتی کے عمل اور آن لائن ایپلیکیشن سسٹم کی سنجیدگی پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔
امیدوار نے مطالبہ کیا کہ بورڈ کو جلد از جلد اس مسئلے کو حل کرنا چاہیے تاکہ میں سکون سے امتحان دے سکوں، ساتھ ہی ان لوگوں کے خلاف بھی سخت کارروائی ہونی چاہیے جنہوں نے غفلت برتی ہے۔
مزید پڑھیں۔حزب اللہ نے اسرائیل پر سب سے بڑے حملے میں 100 راکٹ داغ دیے















