اسلام آباد (اے بی این نیوز)شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جاری جارحیت کے خلاف پاکستان کی جوابی کارروائی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی اور اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں بدلتی عالمی سیکیورٹی صورتحال اور ملک بھر میں امن و امان کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے پاک افواج اور فضائیہ کی جانب سے فتنہ الخوارج کی سرکوبی کے لیے مؤثر اور جامع کارروائیوں کو سراہا اور پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک میں حالیہ پیش رفت کے تناظر میں جامع اور متفقہ قومی خارجہ و داخلہ پالیسی تشکیل دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آذربائیجان کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :امریکہ نے ایران کی زیر زمین بیلسٹک میزائل تنصیبات پر 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم گرا دیا















