اہم خبریں

کراچی: امریکی قونصل خانے کے قریب ہنگامہ آرائی، فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق

کراچی (اے بی این نیوز)کراچی میں مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس سے جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گزشتہ روز ایران پر ہونے والے امریکی و اسرائیلی حملے کے خلاف مظاہرین نے کراچی میں امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی اور پتھراؤ کیا، جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا۔

مائی کولاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی۔

سلطان آباد پُل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی۔

سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے جیو نیوز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس 8 لاشیں اور 20 زخمی لائے گئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈاکٹر صابر میمن نے کہا کہ لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، فی الوقت زیادہ معلومات فراہم نہیں کرسکتا، شناخت کا عمل مکمل ہونے پر تفصیلات فراہم کر سکتا ہوں۔

علاوہ ازیں نمائش چورنگی جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

کسٹم ہاؤس کے سامنے نیٹی جیٹی پل پر مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جبکہ مولوی تمیز الدین روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، سلطان آباد سے مائی کولاچی کی جانب جانے والی سڑک بھی بند کر دی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں آمد و رفت معطل ہے، جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے، جبکہ بوٹ بیسن سے آنے والی ٹریفک کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کرایا جا رہا ہے، پی آئی ڈی سی سے آنے والی گاڑیوں کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: سکردو میں احتجاج شدت اختیار کر گیا، شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

متعلقہ خبریں