دبئی ( اے بی این نیوز ) کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ تازہ فہرست نے کئی بڑے ناموں کی پوزیشن بدل کر رکھ دی اور شائقین کرکٹ میں نئی بحث چھیڑ دی۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے صائم ایوب سے نمبر ون کا اعزاز چھین لیا ہے۔ صائم ایوب ایک درجے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، جس پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے شاندار کارکردگی کی بدولت دو درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ان کی مسلسل بہتر پرفارمنس نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کے ڈیوالڈ بریوس نے دس درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں جگہ بنا لی ہے، جو ان کے کیریئر کے لیے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
باؤلرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے ابرار احمد کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ دوسرے نمبر سے پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ ادھر جنوبی افریقا کے کوربن بوش نے اکیس درجے کی بڑی چھلانگ لگا کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جسے تازہ رینکنگ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں :نواز شریف پر دادا،مریم نواز پھو پھو بن گئیں،جاتی امراء میں خوشیاں















