راولپنڈی ( اے بی این نیوز ) عمران خان کی صحت کے معاملے پر اہم بیان سامنے آگیا ہے۔ ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق فیصلے کرنے کا اختیار پارٹی کے پاس نہیں بلکہ یہ مکمل طور پر خاندان اور معالجین کا مینڈیٹ ہے۔راولپنڈی میں گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کچھ روز قبل محسن نقوی آئے اور کہا کہ پارٹی ہمارے ساتھ ہے، لیکن یہ بات سب کو سمجھ لینی چاہیے کہ صحت جیسے حساس معاملے پر فیصلہ سیاسی جماعت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ یہ اختیار صرف فیملی اور ڈاکٹرز کے پاس ہے اور وہ اس مؤقف کو متعدد بار سوشل میڈیا پر بھی بیان کر چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب الشفا اسپتال کا معاملہ سامنے آیا تو انہوں نے اس پر بھی کھل کر بات کی۔ ان کے مطابق پس پردہ اطلاعات موصول ہو رہی تھیں کہ ایجنسیوں کے اہلکار ڈاکٹرز تک پہنچ گئے ہیں اور وہاں دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خاندان ایسی جگہ علاج چاہتا تھا جہاں طبی رپورٹس کو نہ روکا جا سکے اور نہ ہی کسی دباؤ کے تحت چھپایا جائے۔
علیمہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ علاج کا عمل شفاف ہونا چاہیے اور فیملی کی موجودگی میں تمام طبی امور انجام پائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق ہر پیش رفت میں خاندان کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا شبہ جنم نہ لے۔
مزید پڑھیں :عمران خان کی ویڈیو بنا نے والا پی ٹی آئی کا کارکن گرفتار،جا نئے کہاں منتقل کیا گیا















