اسلام آباد(اے بی این نیوز) حکومتِ پاکستان نے نوجوانوں اور کم آمدن شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم الیکٹرک وہیکل (ای وی) سکیم کے تحت سستی الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور نے بتایا ہے کہ حکومت نے آئندہ پانچ برسوں کیلئے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کیلئے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اس سال ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر فی موٹر سائیکل 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، اسی طرح الیکٹرک رکشہ سکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سکیم کے تحت فراہم کی جانے والی ای وی بائیکس دیگر برانڈز کے مقابلے میں 50 سے 60 ہزار روپے تک سستی ہوں گی، حکومت نے جون تک 76 ہزار موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہونا لازمی ہے، سکیم کا تمام نظام خودکار اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک موٹر سائیکل استعمال کرنے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ شہری ہر ماہ پٹرول کی مد میں تقریباً 8 ہزار روپے تک کی بچت بھی کر سکیں گے۔
مزید پڑھیں۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا ملک انتقال کر گئیں















