اسلام آباد (رضوان عباسی)وزیراعظم شہباز شریف آج برطانیہ سے واشنگٹن پہنچیں گے تاکہ غزہ بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔ اجلاس کل 19 فروری کو امریکہ میں منعقد ہوگا، جس میں غزہ کی تعمیرِ نو، جنگ بندی کو مستحکم بنانے اور فنڈنگ کے وعدوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی وفد میں شامل ہوں گے۔ اجلاس میں پاکستانی وفد انسانی ہمدردی، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور غزہ کے متاثرین کی فوری مدد کے امور پر تبادلہ خیال کرے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم اجلاس میں عالمی برادری پر زور دیں گے کہ فلسطینی عوام کے لیے کیے گئے امدادی وعدوں کو بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی نمائندگی انسانی حقوق، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور عالمی برادری پر اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا زور دیتا رہے گا۔ اجلاس میں دیگر شریک ممالک کے نمائندگان بھی غزہ میں انسانی بحران کے حل اور بین الاقوامی امداد کے مؤثر استعمال پر بات کریں گے۔
مزید پڑھیں :انجینئر امیر مقام اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی اے جے کے کونسل میں پریس کانفرنس















