کراچی ( اے بی این نیوز )سابق وفاقی وزیر اور رہنما مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں دو خبروں کو یکجا کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ The STRATCOM Bureau کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے وی آئی پیز کے لیے 38 سے 42 ملین ڈالر (تقریباً 1064 سے 1176 کروڑ روپے) مالیت کا ایک گلف اسٹریم طیارہ خریدا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں طیارے کا ماڈل Gulfstream G500 بتایا گیا ہے اور رجسٹریشن نمبر N144S کا ذکر بھی کیا گیا۔
مفتاح اسماعیل نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے ان دونوں خبروں کو جوڑتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام کو کفایت شعاری اور قربانی کا کہا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف وی آئی پیز کے لیے مہنگا نجی طیارہ خریدا جا رہا ہے۔
تاحال پنجاب حکومت کی جانب سے مذکورہ دعوے پر باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے بحث جاری ہے، جبکہ سیاسی تجزیہ کار اسے معاشی حالات کے تناظر میں اہم معاملہ قرار دے رہے ہیں۔
















