لاہور ( اے بی این نیوز )پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 40 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو رمضان کارڈ دینے کا اعلان کر دیا۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بابرکت مہینے میں ہر مستحق خاندان کو 10، 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ بنیادی اشیائے خورونوش خرید سکیں، جبکہ سہولت بازاروں میں بھی عوام کو خصوصی ریلیف دیا جائے گا۔
نگہبان رمضان پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک رحمت اور برکت کا مہینہ ہے، تاہم افسوس کے ساتھ پاکستان میں اس مہینے کے آغاز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کو حقیقی ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 40 سے 42 لاکھ خاندانوں کو ’’رمضان نگہبان کارڈ‘‘ دیئے جا رہے ہیں جبکہ اب تک 4 لاکھ کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ یہ کارڈ مستحق خاندانوں کی دہلیز تک پہنچایا جا رہا ہے اور اس کے ذریعے 10 ہزار روپے تک کا راشن خریدا جا سکتا ہے۔ کارڈ کی ایکٹیویشن کی ضرورت نہیں ہوگی اور صوبے بھر میں 9 ہزار 200 اے ٹی ایم مشینوں سے کیش بھی نکلوایا جا سکے گا۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ اگر کوئی دکاندار اضافی رقم طلب کرے تو فوری شکایت درج کرائی جائے، پنجاب پولیس فوری کارروائی کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رقم عوام کی امانت ہے اور اس میں کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سہولت بازاروں میں بھی کارڈ کے استعمال کی سہولت دستیاب ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسیحی برادری کے روزے بھی اسی عرصے میں شروع ہو رہے ہیں، اس لیے مسیحی کمیونٹی کے مستحق افراد کو بھی 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول آپریشن پورے رمضان جاری رہے گا اور پیرا فورس کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔
صوبے کی 147 تحصیلوں میں 300 دسترخوان مخیر حضرات کے تعاون سے لگائے جائیں گے، جبکہ حکومت کی جانب سے مخیر افراد کو سرٹیفکیٹ بھی جاری کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں عام مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ حکومتی سیل پوائنٹس پر یہی تھیلا 850 روپے میں دستیاب ہوگا۔ چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی کمی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مستحق خاندانوں کے لیے ’’مریم کو بتائیں‘‘ ہیلپ لائن بھی شروع کی جا رہی ہے۔ ہیلپ لائن 1000 پر کال کر کے شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنے پر 24 گھنٹوں کے اندر 10 ہزار روپے منتقل کیے جائیں گے۔ یہ سروس یکم رمضان سے فعال ہوگی جبکہ مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول رومز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں :سونا اپ ڈیٹ آگئی،تاریخی سستا ہو گیا،جا نئے نئی قیمت فی تولہ کیا ہو گئی















