اسلام آباد (اے بی این نیوز ) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق ایک مغربی لہر 16 فروری کو ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہو گی جس کے اثرات مختلف شہروں میں محسوس کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان سے قبل بارش برسانے والا یہ سلسلہ سب سے پہلے بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ مغربی لہر کے زیر اثر 16 اور 17 فروری کو کوئٹہ، زیارت، چمن، نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، خضدار، کیچ، تربت، پنجگور، گوادر اور لسبیلہ میں بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز ہوائیں اور گرج چمک بھی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح 17 فروری سے کراچی اور حیدرآباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ٹھٹھہ، بدین، جامشورو، دادو اور سکھر میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقوں وزیرستان، بنوں، ڈی آئی خان اور کرم میں 16 اور 17 فروری کو ہلکی سے درمیانی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ ڈی آئی خان میں ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈی جی خان، ملتان، بھکر اور بہاولپور میں بھی ہلکی بارش کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف کا بڑھتا احتجاج، وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون کوسیل کر دیا گیا















