اسلام آباد ( اے بی این نیوز )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 9 مئی کے واقعات سمیت دیگر پانچ مقدمات میں دائر عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سماعت ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 17 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک گرفتاری سے تحفظ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے ایڈووکیٹ انصر کیانی اور ایڈووکیٹ شمسہ کیانی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان تمام قانونی تقاضوں کے مطابق عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر تفصیلی دلائل نہیں دیے جا سکے۔ اس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی، تاکہ کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، مبینہ جعلی رسیدوں اور دیگر الزامات کے تحت مختلف مقدمات درج ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کروانے کے الزام میں مقدمہ زیر سماعت ہے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو مکمل تیاری کے ساتھ دلائل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
مزید پڑھیں :بلیک انڈیا،مودی سرکار میں روزانہ درجنوں خواتین اور بچے لا پتہ















