اہم خبریں

اے بی این نیوز کی تیسری سالگرہ، صرف تین سال میں الیکٹرانک میڈیا میں اے بی این نیوز نےمضبوط مقام بنایا،عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز    ) پاکستانی الیکٹرانک میڈیا کے معتبر اور تیزی سے ابھرتے ہوئے نیوز چینل اے بی این نیوز نے اپنی کامیاب نشریات کے تین سال مکمل کر لیے۔ اس موقع پر اے بی این نیوز کے ہیڈ آفس میں ایک شاندار اور رنگا رنگ سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزراء، سیاسی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور اے بی این نیوز کی پیشہ ورانہ صحافت، معیاری نشریات اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر پوری ٹیم کو مبارکباد دی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اے بی این نیوز نے قلیل عرصے میں ناظرین کا اعتماد حاصل کر کے الیکٹرانک میڈیا میں اپنی ایک منفرد پہچان بنا لی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کیک کٹنگ کی اور نیوز و پروگرامنگ ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے بی این نیوز نے صرف تین سال میں الیکٹرانک میڈیا میں مضبوط مقام بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر معمولی ترقی چیئرمین راجہ مہتاب خان، سی ای او محسن بلال خان اور پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے۔ عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ میڈیا کی تنقید کو مثبت انداز میں لینا چاہیے کیونکہ تنقید اصلاح کا ذریعہ ہوتی ہے، اور حکومت میڈیا کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی بین الاقوامی سفارتی کامیابیوں کے مؤثر ابلاغ میں قومی میڈیا کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ راجہ مہتاب خان کی قیادت میں اے بی این نیوز نے کم وقت میں ایک معتبر اور منفرد شناخت قائم کی ہے۔ ان کے مطابق معیاری، بروقت اور ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے چینل نے ناظرین کا اعتماد حاصل کیا، جو کسی بھی میڈیا ادارے کی سب سے بڑی کامیابی ہوتی ہے۔ انہوں نے سی ای او محسن بلال خان کو ادارے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر خصوصی مبارکباد بھی دی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اے بی این نیوز نے غیر جانبدارانہ اور متوازن صحافت کو فروغ دیا ہے، جو موجودہ میڈیا کے ماحول میں قابل تحسین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم عرصے میں چینل کا یہ مقام ٹیم ورک اور مضبوط قیادت کا واضح ثبوت ہے۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے بھی اے بی این نیوز کو نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور کہا کہ اگر ادارہ اسی طرح بہتر صحافت جاری رکھے گا تو ترقی کے مزید مراحل طے کرے گا۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ میڈیا قوموں کا دفاع کرتا ہے، اور امید ہے کہ اے بی این نیوز آئندہ بھی عوام کی مؤثر ترجمانی کرتا رہے گا۔

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے اے بی این نیوز کی تیسری سالگرہ پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مستند اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو سراہا۔اپوزیشن رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ اے بی این نیوز وہ واحد چینل ہے جس کے اینکرز تعصب سے بالاتر ہو کر سوال کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا دی کہ چینل مزید ترقی کی منازل طے کرے۔تقریب میں شریک شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اے بی این نیوز مستقبل میں بھی ذمہ دار، باوقار اور عوام دوست صحافت کا سفر جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں :کریک ڈاؤن ، درجنوں افراد گرفتار

متعلقہ خبریں