راولپنڈی(نیوزڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظرکاغذات نامزدگی کیلئے ریٹرننگ افسر کے پاس پیش نہیں کیا، ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد کو اسکروٹنی عمل میں شامل ہونے کیلئے ریٹرننگ افسر نے طلب کیا تھا تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں کیا جاسکا، جیل حکام نے ریٹرننگ آفیسر کو آگاہ کردیا۔سابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے،تاہم کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی جارہی ہے.
فارم جمع کروانے کے دوران کسی امیدوار یا شہری نے کوئی اعتراض نہیں اُٹھایا۔سابق ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق اور سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی راشد حفیظ بھی ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچ گئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد نے کہا کہ رات ساڑھے 7 بجے فون جیل سے آیا کے شیخ رشید کو پیش نہیں کریں گے، جیل حکام نے کہا کے ریٹرننگ افسر کا آرڈر نہیں مانتے۔راشد شفیق نے کہا کہ شیخ رشید کے پیش ہوئے بغیر آر او نے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں،
انہیں آئندہ ہفتے انصاف مل جائے گا۔ خون کے آخری قطرے تک شیخ رشید اعلان کرچکے ہیں کہ عمران خان کے ساتھ ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید کے خلاف ایک پیسہ کی کرپشن کا الزام نہیں ہے،آج ہم شیخ رشید کے گھر سے پیسے اور جو اشیاء اسلام آباد پولیس لے گئی تھی اس کی حوالگی کی درخواست دے رہے ہیں۔شیخ راشد نے کہا کہ سربراہ عوامی مسلم لیگ ذہنی طور پر جیل سے الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں۔















