اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں قائم پارلیمانی مشاورتی کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خصوصی مشاورتی کمیٹی کے کنونیر سینیٹر رضا ربانی نے کی ۔اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ اور قومی اسمبلی اعلی افسران نے شرکت کی ۔کنوینر سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ یہ کمیٹی آئین کے بنانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور آئینی دستاویز کی تاریخی اہمیت سے عوام روشناس کرنے کے لیے تندہی سے کام کرے گی۔قومی اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے خصوصی اقدامات سید شمعون ہاشمی نے گولڈن جوبلی سے متعلق مجوزہ سرگرمیوں اور تقریبات کا جائزہ پیش کیا جن میں تصویری نمائش، کتابوں کی نمائش، پینٹنگز کی نمائش، تین روزہ بین الاقوامی کنونشن، فوکس ڈسکشنز، سیمینارز اور دیگر تقریبات شامل ہیں۔ اجلاس کے دوران کنوینر اور کمیٹی کے اراکین نے گولڈن جوبلی منانے کے سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہا اور دستور کی گولڈن جوبلی تقریبات سے متعلق قیمتی تجاویز دیں ۔ سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ایک قومی یادگاری تقریب کی تجویز پیش کی جس میں معاشرے کے تمام طبقات شامل ہوں، پارلیمنٹ میں جمہوریت کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب، اور آئین بنانے اور اس کے تحفظ میں شامل تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک تقریب منعقد کرنے کی بھی تجویز دی۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے آئین کو قانون سازی کے ذریعے تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور آئین کے حوالے سے ملک گیر کوئز مقابلے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کی تجویز دی۔ ایم این اے انجینئر صابر حسین قائم خانی نے موبائل پیغامات کے ذریعے آئین کے متعلق آگاہی پھیلانے کی تجویز پیش کی، جبکہ ممبر قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے شہریوں میں آئین کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل نیٹ ورک استعمال کرنے کی تجویز دی۔ کنوینر سینیٹر رضا ربانی نے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد کرانے، آئین کی پاکٹ سائز کاپیوں کی تقسیم اور دو روزہ کنونشن کے انعقاد کی تجویز دی۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے سے آئین کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کی تجویز کی بھی توثیق کی۔کمیٹی نے تمام مجوزہ تجاویز پر غور و خوض جاری رکھنے اور موصول ہونے والی تجاویز کی روشنی میں روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کا اگلا اجلاس 21 فروری 2023 کو منعقد کرنے ہر بھی اتفاق ہوا۔















