اہم خبریں

حکومتی ترجیحات امن نہیں، مقدمات ہیں، ہمیں کسی اور کی جنگ کاایندھن بنایا جارہا ہے، مراد سعیدکا انکشاف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے کہا کہ جوغلامی تسلیم نہیں کرے گا اسے غدار کہا جائے گا ، حکومت کی ترجیحات امن نہیں، مقدمات ہیں،عمران خان کی حکومت میں امن تھا، اب یہ کیا ہوا، ہمیں کسی اور کی جنگ کاایندھن بنایا جارہا ہے ۔آج اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ خدارا پاکستان میں لگی آگ کو بجھائیں لیکن میرے سوالات کے بعد بغاوت کے مقدمے ہوجاتے ہیں، جوغلامی تسلیم نہیں کرے گا اسے غدار کہا جائے گا،پاکستان میں آئین و قانون معطل ہوچکا ہے ، عمران خان کی حکومت میں امن تھا، اب یہ کیا ہوا،حکومت کی ترجیحات امن نہیں، مقدمات ہیں، پہلے حالات سے منہ پھیر لیتے ہیں، پھر کہتے ہیں ہمارے امن کو تباہ مت کرو ۔مراد سعید نے کہا کہ ہمارے 100 سے زیادہ پولیس جوان شہید ہوئے، ہم حکومت کو جون سے حالات سے آگاہ کر رہے تھے، ہم بتارہے تھے پاکستان میں آگ لائی جارہی ہے اس کو بچایا جائے، 8 ماہ خاموشی اختیار کی گئی، ہمیں کسی اور کی جنگ کاایندھن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی ہم سے بات چیت کرے سیاسی اتفاق رائے ہونا ضروری ہوتا ہے لیکن ایک جانب ہم پرمقدمات قائم کئے جارہے ہیں دوسری طرف آپ مذاکرات کا کہتے ہیں، آپ سے کیا مذاکرات کریں، آپ کا تو طورطریقہ ٹھیک نہیں ہے، الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم بیٹھنے کیلئے تیار ہیں اور دیکھیں اسٹاک مارکیٹ کیسے اوپر جاتی ہے،عمران خان بہت کچھ کرنا چاہتے تھے لیکن نہ کرسکے کیونکہ مخلوط حکومت تھی، لوگ بلیک میل کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج بے روزگاری اور مہنگائی ریکارڈ توڑ رہی ہے، ایسے میں حل صرف الیکشن ہے جو عوام نے تجویز کیا،انہوں نے کہا کہ 90 دنوں کے اندر انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو آئین شکنی ہو گی، آئین کے مطابق انتخابات ہونا ضروری ہیں ، انتخابات کا اعلان ہو گا تو ملک کی معیشت بہتر ہو گی، فواد چوہدری، شہباز گل اور اب شیخ رشید کے ساتھ جو ہو رہا ہے قابل مذمت ہے ،شیخ رشید کو حق و سچ کی آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کچہری میں موجود ہیں، ان کے ساتھ ہر جگہ اظہار یکجہتی کے لیے تیار ہیں۔

متعلقہ خبریں