اہم خبریں

بھارت میں پاکستانی چینلز اور فنکاروں پر عائد پابندی ختم

ممبئی (اے بی این نیوز)بھارت میں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور فنکاروں پر عائد پابندی اچانک ختم کردی گئی۔ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جہاں پاکستانی یوٹیوب چینلز اور اداکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں لگائی تھیں،تو وہیں فواد خان اور ہانیہ عامر سمیت پاکستانی فنکاروں کی فلموں کی ریلیز بھی بھارت میں روک دی گئی تھی،اس کے باوجود ہانیہ عامر کی فلم’’سردارجی3‘‘ دنیا بھر میں ریلیز ہوئی، تاہم بھارت میں ریلیزنہ ہوسکی۔

اب بھارتی حکومت نے اچانک یہ پابندیاں ختم کرتے ہوئے پاکستانی یوٹیوب چینلز کو دوبارہ کھول دیا ہے، جس پر بھارتی شائقین خوشی کا اظہار کررہے ہیں، اگرچہ پابندی کے دوران پاکستانی ڈراموں کی بھارتی ویورشپ میں کمی ہوئی تھی، تاہم من مست ملنگ، شیر،ڈائن اور پرورش جیسے مقبول ڈرامے مسلسل بھارتی ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرتے رہے۔

اداکار دانش تیمور کے مداح اس پابندی کے خاتمے پرکافی پرجوش نظر آئے، کیونکہ ان کا ڈرامہ ’’شیر‘‘ اور’’من مست ملنگ‘‘ پابندی کے باوجود بھارت میں اچھا بزنس کررہا تھا۔

جن فنکاروں کے اکاؤنٹس تک رسائی بحال ہوئی ہے ان میں دانش تیمور، احد رضا میر، ماورا حسین اور یمنیٰ زیدی شامل ہیں،تاہم اب بھی کئی فنکاروں کے اکاؤنٹس بھارتی صارفین کےلیے بند ہیں جن میں ماہرہ خان، فواد خان، وہاج علی، اقرا عزیز، فرحان سعید اور ہانیہ عامر شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: حوثیوں نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل داغ دیئے

متعلقہ خبریں