واشنگٹن (اے بی این نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی۔
فیلڈ مارشل کے ساتھ پاکستان کے مشیر قومی سلامتی نے بھی شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوول آفس کا دورہ بھی کیا، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹ کوف بھی موجود تھے۔ ابتدائی طور پر ملاقات ایک گھنٹہ طے تھی تاہم دو گھنٹے سے زیادہ تک جاری رہی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق صدر ٹرمپ نے امن کوششوں اور انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے تعاون کو سراہا، دونوں رہنماؤں کا انسداد دہشت گردی، تجارت، ٹیکنالوجی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
امریکی صدر نے پیچیدہ علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل کی قیادت اور فیصلہ کن صلاحیتوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں ملاقات میں ایران اور اسرائیل کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے ایران اسرائیل تنازع کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، آرمی چیف نے امریکی صدر کی مدبرانہ اور عالمی چیلنجوں کو سمجھنے اور نمٹنے کی صلاحیت کو سراہا، آرمی چیف کا پاک بھارت جنگ بندی میں تعمیری اور نتیجہ خیز کردار پر صدر ٹرمپ سے اظہار تشکر کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات میں تجارت، معیشت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی، کرپٹو کرنسی میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی، صدر ٹرمپ نے پاکستان سے اسٹریٹجک اور طویل المدتی تجارتی شراکت داری پر دلچسپی کا اظہار کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک امریکا شراکت داری امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد پر مبنی ہے۔ ملاقات پاک امریکا شراکت داری کو تقویت دینے کی جاری کوششوں میں اہم لمحہ ہے۔
مزید پڑھیں: جاپان کے ساحلی علاقے ہوکائیڈومیں 6.1 شدت کا زلزلہ