اہم خبریں

الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا کیس، فواد چوہدری کی ضمانت منظور

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرلی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ سماعت کے دوران عدالت نے 20 ہزار کے مچلکوں کے عوض فواد چوہدری کی ضمانت منظور کرلی۔فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے سماعت کی، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔سینئر وکیل سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان بھی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے 20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ جج فیضان گیلانی نے ریمارکس دیے کہ اس شرط پر ضمانت دے رہا ہوں کہ فواد چوہدری یہ گفتگو دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔الیکشن کمیشن اور پراسیکیوشن نے فواد چوہدری کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی تھی۔

یاد رہے کہ25 جنوری کو فواد چوہدری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے گرفتار کیا تھا، 2 روز قبل اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی پراسیکیوشن کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں گرفتار فواد چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جہاں ان کی درخواست ضمانت منظور کی گئی۔

متعلقہ خبریں