لاہور(اے بی این نیوز ) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عمران خان 33 حلقوں سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ فواد چودھری کی گرفتاری اور تضحیک کی مذمت کرتے ہیں، ایک ہی مقدمے میں 3 بارجسمانی ریمانڈ کی کوئی مثال نہیں ملتی، چیف جسٹس فواد چودھری سے ناانصافی کا نوٹس لیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، تمام حلقوں سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہمارے امیدوار ہوں گے، عوام مطالبہ کر رہے ہیں ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں، 16 مارچ کوعوام واضح پیغام دیں گے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی سربراہی میں کور کمیٹی اور پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں 4 قراردادیں پیش کی گئیں، 2 قراردادیں میں پیش کر رہا ہوں۔سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سب سمجھتے ہیں فواد چودھری کے ساتھ نامناسب سلوک کیا جا رہا ہے، ان کے ساتھ ہونے والےسلوک کوسب دیکھ رہے ہیں، جو ان پر تنقید کرتے تھے وہ بھی اظہار ہمدردی کر رہے ہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ فواد چودھری کو انصاف ملےگا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات میں تاخیرآئین شکنی ہے، 90 روز سے زیادہ عرصہ گزارنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، آئین اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کا پابند ہے، 90 روز سے مزید تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی، تاخیر کے بعد آرٹیکل 6 کی کارروائی ہوگی۔