اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے موسم سرما کے دو ماہ کے دوران گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت ملک بھر میں سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزارت پیٹرولیم نے یہ فیصلہ موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے لیے کیا ہے۔ منصوبے کے تحت دسمبر اور جنوری میں ملک بھر میں سی این جی سٹیشنز بند کر دیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا ہے کہ ان دو ماہ کے دوران گیس سے بجلی پیدا کرنے والی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بھی روک دی جائے گی۔یہ فیصلہ سردیوں کے موسم میں رہائشی صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔اس کے نتیجے میں، چاروں صوبوں میں وہ صنعتیں جو گیس کے ذریعے بجلی پیدا کرتی ہیں یا جن کی فیکٹریوں میں کیپٹو پاور سٹیشنز نصب ہیں، دسمبر 2024 سے جنوری 2025 تک گیس کی فراہمی نہیں ملے گی۔
حکام نے کہا کہ ان صنعتوں کو پاور کمپنیوں کی بجلی پر انحصار کرنا پڑے گا۔سوئی ناردرن گیس کمپنی لمیٹڈ کو یکم دسمبر 2024 سے 31 جنوری 2025 تک سی این جی اسٹیشنز کو بند رکھنے اور ان کے گیس کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔