اہم خبریں

سازشی عناصر ضلع کرم کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں،مجلس وحدت مسلمین

اسلام آباد (نیوزڈیسک ) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکریٹری شبیر ساجدی نے کہا ہے کہ سازشی عناصر بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ضلع کرم کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، اس وقت پارہ چنار کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، مسافر گاڑیوں پر کئی مرتبہ حملے ہوچکے ہیں، ڈاکٹر رقیہ سمیت 5 افراد تک شہید اور درجن بھر سے زائد زخمی ہیں، لیکن حکومت ان بہیمانہ کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی بجائے بے گناہ افراد کو گرفتار کرتی ہے اور انہیں مچھ جیل بھیج دیا جاتا ہے، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری نہیں آئے گی، بلکہ حالات اور زیادہ گھمبیر صورت اختیار کریں گے، ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبیر ساجدی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان بارڈر کے ساتھ ہونے کی وجہ سے پاراچنار میں آئے روز نئی نئی سازشیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ معصوم افراد کا بے دردی سے قتل کیا جانا ناقابل قبول ہے، ان واقعات کو کچھ ناداں لوگ فرقہ وارانہ فسادات سے منسوب کر دیتے ہیں، حالانکہ اہلسنّت اور اہل تشیع نے امن کے مشترکہ پیغامات جاری کئے ہیں اور کئی بار امن جرگے منعقد ہو چکے ہیں، لیکن سازشی عناصر بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر ضلع کرم کے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ سی پیک جیسے اہم قومی منصوبے کا ایک حصہ ضلع کرم سے ہوکر بھی گزرے گا، جسے ناکام بنانے کے لئے اس حساس علاقے کو آگ میں دھکیلنے نت نئی کی کوششیں کی جا رہی ہے، جنہیں ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا، ضلع کرم پارہ چنار کے باشعور اور پرامن عوام علاقائی امن کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو ختم کر دیں گے اور شیعہ سنی وحدت کا سفر جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں