راولپنڈی(نیوزڈیسک) سربراہ قومی یکجہتی اتحاد و پاکستان مسلم لیگ ضیاء سابق وفاقی وزیر محمد اعجاز الحق نے نظریاتی سیاست کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں ملک میں انتشار اور ٹوٹ پھوٹ کی سیاست کو فروغ دیا گیا، ہمارا دشمن قوم اور اداروں کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتا ہے الیکشن سے قبل سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے نظریاتی جماعتوں اور افراد کو ایک پلیٹ فارم جمع کرنے کے لئے قومی یکجہتی اتحاد پاکستان تشکیل دے دیا ہے بہت جلد پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کو شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے سیکریٹریٹ میں تحریک جوانان پاکستان کے صدر عبداللہ گل کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اعجاز الحق نے کہا کہ بہت سے دوست جو کسی اور سیاسی جماعت میں جانا نہیں چاہتے وہ ہمارے قافلے میں شامل ہوں گے پی ڈی ایم نے 16 ماہ میں معیشت کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا انہوں نے کہا کہ جب حکومتوں سے کچھ نہیں ہوتا تو پھر اسٹیبلشمنٹ کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ آنے والے الیکشن صاف اور شفاف ہونے چاہئیں اور سب کو الیکشن لڑنے کا موقع ملنا چاہئے۔















