Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی سہولت کے لیے بی آئی ایس پی میں مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں، فیصل کریم کنڈی

ملتان(اے بی این نیوز   )وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں جلد بڑا سرپرائز دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) غیر سیاسی پروگرام ہے،زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کی سہولت کے لیے اس میں مزید اصلاحات کی جا رہی ہیں،تقریباً 89 لاکھ مستحق خاندانوں کی اس پروگرام کے ذریعے مالی اعانت کی جا رہی ہے،کفالت پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو 25 فیصد اضافی رقم دیں گے،پی ٹی آئی حکومت نے بی آئی ایس پی پروگرام میں فلٹرز لگا کر8 سے 9 لاکھ مستحقین کے کارڈ بند کردیئے تھے،ہم جانچ کرنے کے بعد ان کو دوبارہ پروگرام میں شامل کریں گے۔وزیر مملکت نے کہا کہ بی آئی ایس پی بہت بڑا پروگرام ہےجو پیپلز پارٹی نے 2008 میں معاشرے کے غریب اور مستحق افراد کے لیے شروع کیا تھا اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ڈائنامک رجسٹری سنٹر کے ذریعے اس پروگرام کو وسعت دی ہے،خواتین کی بڑی تعداداس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہے،ضلع ملتان میں تقریباً 2 لاکھ 40 ہزارخاندان بی آئی ایس پی سےمالی امداد حاصل کررہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ حکومت حاملہ خواتین کوورلڈفوڈ پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی کے ذریعے18 ارب روپے کی امداد فراہم کررہی ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورزپربھی سبسڈی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہرتحصیل میں بی آئی ایس پی کے آفس کھولے ہیں،جن میں نئی رجسٹریشن کاآغازہوچکا ہے،مہنگا ئی میں اضافہ کی وجہ سے ڈائنامک سروے کیاجارہا،سروے کے مطابق سہ ماہی پیسوں میں اضافہ کیا گیا،جن مستحقین نے اپنے بچوں کی رجسٹریشن کروائی ہے ان کو تعلیمی وظائف دے رہے ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مختلف جگہوں پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسوں سے کٹوتی کی شکایات آئی ہیں،شکایات والی جگہوں پرکارروائی کی، ریٹیلر کو بلاک اوران کی مشین ضبط کی،ریٹیلرز کو محکمانہ پیسے ملتے ہیں اس کے باوجود وہ حق ماریں تو ہم سزادیں گے۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں،حکومت عدالتی احکامات پرعملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پرالزام لگایا جاتا ہے کہ ہم الیکشن سے بھاگتے ہیں،پیپلز پارٹی کے ورکرز،ممبران اورکارکنان ہمیشہ الیکشن کے لئے تیارہیں،پنجاب الیکشن کے شیڈول کے مطابق ہمارے پارلیمانی بورڈ کام کررہے،پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں جلد بڑا سرپرائز دے گی،کچھ پتے ہم نے سنبھال رکھے ہیں۔انہوں نے کہاپی ٹی آئی کی چار سال پنجاب میں حکومت رہی لیکن وہ بلدیاتی الیکشن نہ کرواسکے،پی ٹی آئی والوں نےاستعفے دیئے پھر کہا کہ قبول کریں جب قبول کئے تو رونا شروع کردیا،پی ٹی آئی والےعدالتوں میں گئے کہ ہمارے استعفے قبول نہ کیے جائیں اور ہمارا اپوزیشن لیڈر لایا جائے۔انہوں نے لاہور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے،لاہورواقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ وہ نئے آرمی چیف سے ملنا چاہتا ہے جبکہ باجوہ صاحب کا کورٹ مارشل چاہتا ہے،محسن کشی میں عمران خان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہوں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹوشہید کے ہمارے دو کیسزعرصہ دراز سے پڑے ہیں ان پر بھی فیصلہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بلاول بھٹو کی وجہ سے کامیاب ہورہی ہے۔