سری لنکا کی مایہ ناز کھلاڑی دبئی میں گھریلو ملازمہ بننے پر مجبور ہو گئی

کولمبو (  اے بی این نیوز  )سری لنکا کی مایہ ناز کھلاڑی جنہوں نے ‘پول والٹ’ کھیل میں قومی ریکارڈ قائم کیے تھے، اب دبئی میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میڈیا کے مطابق پچھلے سال سے 24 سالہ سچنی پریرا نے ملک میں جاری کرنسی بحران اور اپنی بیمار والدہ کے طبی اخراجات سے نمٹنے کیلئے اپنے کھیل کے خواب ترک کردیے۔
ایک سال سے زائد عرصے سے وہ دبئی میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی ہیں، انہوں نے اپنے پہلے انٹرویو میں کہا کہ ‘لگتا ہے اب یہی میری دنیا ہے’۔سچنی پرامید ہیں کہ قدم بہ قدم ان کے حالات بہتر ہوجائیں گے، وہ کہتی ہیں کہ میں کام جاری رکھوں گی اور ایک دن پھر سے کھیل کے میدان میں واپس جاؤں گی۔وہ گھریلو ملازمہ کے طور پر ایک بچے کی دیکھ بھال کرتی ہیں اور گھر کے دوسرے کام بھی کرتی ہیں۔