پاکستان میں ایشیا کپ کے میچ کہاں منعقد ہوں گے؟تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان ایشیا کپ 2023ء کے میچز کی میزبانی لاہور اور ملتان میں کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک قریبی ذرائع نے کاکہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ کے 4 میچز کی میزبانی کے لیے 2 مقامات لاہور اور ملتان کو منتخب کیا گیا ہے تاکہ سفری اور لاجسٹک مسائل سے بچا جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ ملتان کو لاہور سے کچھ حصّہ ملے گا جوکہ پاکستان میں ایونٹ کی میزبانی کا مرکزی مقام ہوگا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ایونٹ کا پانچواں میچ حاصل کرنے کی بھر پور کوشش کی ہے اور اس پر ابھی بھی بات چیت کر رہے ہیں لیکن یہ فیصلہ پی سی بی کی پچھلی انتظامیہ نے کیا تھا اس لیے اس وقت یہ کافی مشکل کام ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہم ایک ایسی پالیسی تیار کرنے کی بھی کوشش کر رہے ہیں جس کے تحت شائقین سری لنکا میں ڈالرز میں ٹکٹ خریدیں گے کیونکہ برصغیر اور دنیا کے دیگر حصّوں سے کرکٹ کے شائقین کی ایک اچھی تعداد کے میچز دیکھنے کے لیے سری لنکا جانے کی توقع ہے اور وہاں پاکستان کا بھارت سے کم از کم دو بار مقابلہ متوقع ہے۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ ایونٹ پاکستان میں 31 اگست سے شروع ہوگا جو 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا، ایونٹ میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلا جائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔