اہم خبریں

فیفا ورلڈ کپ فائنل کےاختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے

نیو جرسی (اے بی این نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی تاریخی فتح کے بعد جشن کے بجائے میدان میں کشیدگی نے جنم لے لیا۔ آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے اور چند لمحوں کے لیے میدان کا منظر فٹبال میچ سے زیادہ جھگڑے کا دکھائی دینے لگا۔

اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے فیصلہ کن گول کی بدولت اسپین نے ارجنٹائن کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا مگر شکست کے فوری بعد جذبات اس قدر بھڑک اٹھے کہ ارجنٹائن کے لیاندرو پاریڈیس اور اسپین کے ایرک گارشیا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہاتھا پائی میں بدل گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق پاریڈیس تیزی سے گارشیا کی جانب بڑھے اور انہیں دھکا دیا جس کے بعد اسپینش کھلاڑی زمین پر گر گئے۔

یہ منظر دیکھتے ہی دونوں ٹیموں کے دیگر کھلاڑی، متبادل کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف بھی میدان میں آ گئے جس سے چند لمحوں کے لیے شدید دھکم پیل اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ بعد ازاں آفیشلز اور دونوں ٹیموں کے ارکان نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پایا۔

میچ کے دوران بھی ماحول خاصا کشیدہ رہا۔ ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو مقررہ وقت کے آخری لمحات میں سخت فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کے باعث عالمی چیمپئن ٹیم آخری مرحلے میں دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہو گئی۔

اس کے علاوہ ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر متعدد یلو کارڈز بھی دکھائے گئے جو میچ کے سخت مقابلے کی عکاسی کرتے ہیں۔

ہنگامے کے باوجود بعد میں کھیل کا خوبصورت پہلو بھی سامنے آیا۔ اسپین کے کئی کھلاڑی لیونل میسی کے پاس گئے ان سے مصافحہ کیا اور حوصلہ بڑھایا جبکہ دونوں ٹیموں کے کوچز، لیونل اسکالونی اور لوئس ڈی لا فوئنٹے نے میدان کے وسط میں ایک دوسرے کو گلے لگا کر کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔

میچ کے بعد ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے شکست کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ فتح میں عاجزی ضروری ہے اور شکست میں بھی وقار ہونا چاہیے۔ ہم نے اپنی پوری کوشش کی اب اس شکست سے سبق سیکھ کر دوبارہ اٹھنا ہوگا۔

ورلڈ کپ کا فائنل جہاں اسپین کے لیے یادگار فتح بن گیا وہیں آخری سیٹی کے بعد پیش آنے والے یہ مناظر بھی شائقین کے لیے طویل عرصے تک موضوع گفتگو رہیں گے۔
مزیدپڑھیں: اسپین نے ٹائٹل کے علاوہ مہنگا ترین انعام بھی جیت لیا،ڈالروں کی بارش

متعلقہ خبریں