بہاولپور (نیوزڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ اسرائیل بمباری کرکے موت بانٹ رہا ہے، غزہ کے لوگ ہمارے انتظار میں ہیں۔جماعت اسلامی پاکستان میں قرآن کا نظام چاہتی ہے، قرآن اٹھا کر وعدہ کرتا ہوں، حکومت ملی تو ملک کو قرآن کے نور سے روشن کریں گے، آپ سب نے جماعت اسلامی پر ٹھپہ لگانا ہے، اگر کوئی جاگیردار یا کسی اور کو ووٹ ڈالنے کا کہے تو انکار کردیں۔ہفتہ کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بہاولپور میں خواتین کنونشن میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہی کہیں اتنی تعداد میں خواتین کا ہجوم دیکھا ہو، سب کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں، غزہ میں 25 لاکھ افراد بم و بارود کی زد میں ہیں، فلسطینی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔سراج الحق نے کہا کہ 76 سال ان جماعتوں نے ملک پر حکومت کی، انہوں نے ایک دن کیلئے بھی ملک میں اللہ کا دین نافذ نہیں کیا،انہوں نے کہاکہ 5 کروڑ کشمیری قید میں ہیں، ہزاروں کشمیری بھارتی جیل میں قید ہیں، ان کی آزادی کیلئے حکومت کیا کررہی ہے؟سراج الحق نے کہا کہ میرا وعدہ ہے کہ اگر ہماری حکومت آئی تو ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان لائیں گے۔















