کراچی (نیوزڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن رکوانے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق درخواست پر مختصرفیصلہ جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت کے معاملے میں عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق درخواست پر تفصیلی دلائل سن کر فیصلہ کیا جائے گا،حتمی فیصلہ ہونے تک بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق ایم کیو ایم کی حکم امتناعی درخواست کی سماعت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ حسن اکبر، ایم کیو ایم وکیل طارق منصورعدالت میں پیش ہوئے۔وکیل ایم کیو ایم نے دلائل دیے کہ نامکمل الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جوغیر قانونی ہے جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ایم کیو ایم کی الیکشن کمیشن کے کورم سے متعلق ایک درخواست پہلے مسترد ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے متعلق درخواست میں بھی بلدیاتی الیکشن رکوانے کی استدعا کی تھی۔















