اہم خبریں

ایک مرتبہ پھر پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ ملا، حالات تیزی سے بدل رہے ہیں ،شاہ محمود قریشی

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بولیاں لگانے کی کوشش کی گئی،حالات تیزی سے بدل رہے ہیں،آج ایک مرتبہ پھر پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ ملا، اپوزیشن کے دعوے دھرے رہ گئے، سندھ کا ماحول پنجاب میں پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تیرہ جماعتوں کے اتحاد کو عوام نے مسترد کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی میں چوہدری پرویزالہٰی کو اعتماد کا ووٹ ملا، بولیاں لگا کر اراکین کو خریدنے کی کوشش کی گئی، سندھ سے ٹولے آکر اراکین کو توڑنے کی سیاست ہوئی،عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پرواہ نہ کریں، ہمارے وکلاء نے عدالتی جنگ لڑی، 186 ووٹ درکار تھے جو حاصل کئے، اپوزیشن کہتی رہی کہ اعتماد کا ووٹ لیں، وقت آنے پر ہم نے اپنی اکثریت ثابت کی، عدالت اب ہماری رہنمائی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ناکام حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے منصوبہ بندی کرنی ہوگی، عوام فیصلہ کرے گی اب کس کو ووٹ دینا ہے، معیشت کریش کرگئی ہے مہنگائی نے 50سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے، ان محرومیوں سے نکلنے کاواحد حل الیکشن ہے،ارکان نے ثابت کردیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں، پرویز الہٰی عمران خان کے اعتماد پر پورا اتریں گے، صوبے میں گورنر راج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے کہا کہ وفاق میں بھی ہم نے امپورٹڈ حکومت کو قبول نہیں کیا، منصوبےکے تحت سلیکٹڈ سیٹ پر ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے، بلدیاتی انتخابات سے پہلے ملتوی کردیے گئے، پنجاب اسمبلی میں شفاف انتخاب ہوا، اس کی فوٹیج موجود ہے، اپوزیشن کو شکست تسلیم کرنی چاہیئے، اسمبلی میں اپوزیشن نے ہلڑبازی کی اور کرسیاں چلائیں جو بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جائے اور انتخابات کا اعلان کیا جائے،ضمنی الیکشن میں عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا، حالات بہت تیزی سے بدل رہے ہیں، کراچی کی صورتحال سب کے سامنے ہے، ایم کو ایم نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔

متعلقہ خبریں