اسلام آباد(نیوزڈیسک) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے ،تفصیلات کے مطابق منگل کو نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی ، مرتضیٰ سولنگی نے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے انکی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیااور مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت آئندہ انتخابات کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کے بروقت انعقاد کیلئے پرعزم ہے،انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن آزادانہ اور خود مختار ادارہ ہے،مولانا فضل الرحمان نے انتخابی عمل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایااورمولانا فضل الرحمان نے نگران حکومت کے معاشی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کو بھی سراہا۔