اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 196 کلومیٹر جبکہ مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب اسلام آباد،پنجاب،خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئےجس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلے کے جھٹکے دیر، ملاکنڈ، باجوڑ،سوات میں بھی محسوس کئے گئے۔ پشاور، کرک، مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، لنڈی کوتل اور ہری پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔آزاد کشمیر میں میرپور، باغ، کوٹلی، کلور کوٹ، پھالیہ، بھلوال، داؤد خیل میں جھٹکے محسوس ہوئے۔پنجاب میں پاکپتن، جہاںیاں، جھنگ، کامونکی، وزیرآباد، شیخوپورہ، شرقپور، کہروڑپکا، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چیچہ وطنی،چنیوٹ اور لالیاں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر شدت پانچ اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 196 کلومیٹر جبکہ مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔
