اہم خبریں

ہر حال میں کاروباری طبقے کے تعاون اور عوام کی حمایت سے معاشی چیلنجوں پر قابو پا لیں گے،شہباز شریف

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان بزنس کونسل کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اورحکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہارکیا۔ وفد کی جانب سے حکومت کو توانائی کی بچت کے مختلف اقدامات پر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی موجودہ معاشی اور کاروباری صورتحال میں بہتری کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان بزنس کونسل کے 5 رکنی وفد نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وفد کی سربراہی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین محمد اورنگزیب نے کی۔وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان بزنس کونسل ملکی معیشت کی مکمل بحالی کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔وفد نے معاشی استحکام اور ترقی کے لئے مفید تجاویز دیں، جن کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی مجرمانہ غفلت سے پچھلے 4 سالوں کے دوران ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ جب ہماری مخلوط حکومت نے قومی خدمت کے جذبے کے تحت ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ملکی معیشت تباہی کے دبانے پر کھڑی تھی، ہم نے ہر شعبے میں بھرپور محنت اور لگن سے کام کا آغاز کیا اور ملکی معیشت کو تباہی کی دلدل سے نکالنے کا بیڑہ اٹھایا۔وزیر اعظم نے حکومت کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ ہر حال میں کاروباری طبقے کے تعاون اور عوام کی حمایت سے معاشی چیلنجوں پر قابو پا لے گی۔ملاقات میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار ، وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیر برائے اقتصادی امور ڈویژن سردار ایاز صادق، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی طارق باجوہ، ڈاکٹر جہانزیب خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں