راولپنڈی(اے بی این نیوز )ٹریفک پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے ٹریفک کنٹرول کرنے اور محرم الحرام کو پر امن بنانے کےلئے ٹریفک پولیس کے 950سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کو جانیوالے راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرتے ہوئے متبادل روٹس فراہم کیے جائیں گے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسرہیڈ کواٹرامتیاز خان نے محرم الحرام کے دوران شہریوں کی سہولت اور انھیں بہترین ٹریفک انتظامات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا جس کے مطابق محرم الحرا م کے دوران راولپنڈی ٹریفک پولیس کے 950سے زائد اہلکار خصوصی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔سکیورٹی کے پیش نظر مجالس اور جلوس کے وقت ٹریفک پولیس ضلع پولیس کے ساتھ مل کر ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گاجبکہ متبادل راستوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کےلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے مقام مجالس اور جلوسوں کے روٹ کا معائنہ کیا اورمختلف مکاتب فکر کے لوگوں سے ملاقات بھی کی اور ان کی جانب سے مسائل کی نشاندہی پر اس کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے تمام سرکل انچارجز اور ٹریفک اہلکاروں کو ہدایات جاری کیں کہ مقام جلوس و مجالس کے دوران گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کو 500گز کے فاصلے پرپارک کروائیں اور ڈبل سواری پر پابندی لگنے کی صورت میں اس پرمکمل عمل درآمد کروایا جائے۔محرم الحرام کے دوران بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں موٹر سائیکلوں اور کالے پیپر کے خلاف بھر پور کاروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو تھانہ جات میں بند کروایا جائے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی و تخریب کاری کے تدارک اور امن امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ٹیم ورک اور مکمل کوآرڈینشن کے ساتھ کام کیا جائے تمام افسران و جوان ان اہم دنوں میں محنت اور ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی کو فرض سمجھ کرانجام دیتے ہوئے ٹریفک پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔















