اہم خبریں

پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمےکیلئے متحد ہے ،صدر مملکت

اسلام آباد( نیوز ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمےکیلئے متحد ہے ، شہداء قوم کے محسن ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے خانیوال میں فائرنگ میں شہید ہونے والے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر اور انسپکٹر کے ورثاء سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر محمد نوید صادق سیال شہید کی اہلیہ سے فون پر اظہارِ تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے اہلِخانہ کو ہمت، صبر اور بہادری سے صدمہ برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ صدر مملکت نے انسپکٹر ناصر عباسی بھٹی شہید کی اہلیہ سے بھی فون پر اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے شہید کی قوم کیلئے خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہلِخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔صدر مملکت نے شہداء کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں اہلِخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشیں دنیا کیلئے ایک مثال ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے مکمل اور جڑ سے خاتمےکیلئے متحد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے محسن ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں