اہم خبریں

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت

اسلام آباد( نیوز ڈیسک )پاکستان اور چین نے عوامی مفاد کے لئے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے ،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے اور چین کے بنیادی مفادات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے جبکہ چینی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور عوامی جمہوریہ چین کی ریاستی کونسل کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے جمعرات کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم میں آزمودہ تزویراتی شراکت داری کی بہترین روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گرمجوشی اور دوستی کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم نے ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2022 میں دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔ دونوں رہنمائوں نے 2023 میں دوطرفہ تعاون کی مستحکم رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ نومبر 2022 میں اپنے دورہ چین اور چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے ساتھ وسیع پیمانے پر ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ چین کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان پرعزم ہے اور پاکستان چین کے بنیادی مفادات پر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی بروقت تکمیل پر پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کو دہراتے ہوئے چینی وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے لئے مکمل طور پر محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرے گا۔ وزیراعظم لی کی چیانگ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ چین پاکستان کو نہ صرف ایک تزویراتی دوست بلکہ ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتا ہے جس کا استحکام اور معاشی بہبود خطے اور چین کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔9 جنوری کو جنیوا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے چین کے وزیر اعظم کو پاکستان میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی میں تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا اور متاثرین سیلاب کے لیے چین کی فوری اور فراخدلانہ مدد پر پاکستان کی جانب سے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔چین کے وزیر اعظم نے وزیر اعظم شہباز شریف کو چین کی جانب سے پاکستان کی تعمیر نو کی کوششوں اور کانفرنس کی کامیابی کے لئے مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔دونوں رہنماؤں نے 2023 اور اس کے بعد پاکستان اور چین کے عوام کے باہمی فائدے کے لئے دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں