اہم خبریں

پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کےساتھ کھڑا رہے گا، منیر اکرم

اقوام متحدہ( نیوز ڈیسک )اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گا جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے اقوام متحدہ کے وعدے کے مطابق ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت حاصل نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے نیویارک میں کشمیریوں کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5جنوری 1949کا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان ( یو این سی آئی پی)کے درمیان قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کافیصلہ خود کرنے کا موقع دینے کے حق کو تسلیم کیاگیا تھا ۔ 5جنوری 1949کو منظور کی گئی قرارداد تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 جنوری 1949 کو کیے گئے اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتے ہوئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں کی اور گزشتہ 7دہائیوں سے جان بوجھ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کشمیری عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت کا ادراک نہیں کر لیتے جو مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کی واحد ضمانت ہے۔

متعلقہ خبریں