اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم محمد شہبازشریف نے منگل کو متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان خصوصی دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں موسمیاتی سیلاب سے ہونے والی حالیہ تباہی کے بعد پاکستان کی مالی امداد پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی’انٹرنیشنل کانفرنس آن رذیلیئینٹ پاکستان’ کے بارے میں شیخ محمد بن زید النہیان کو آگاہ کیا اور کانفرنس میں یو اے ای سے اعلیٰ سطح کی شرکت کے لئے درخواست کی۔ شیخ محمد بن زید النہیان نے کانفرنس کے بنیادی ایجنڈا کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پانچ دہائیوں سے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ مشترکہ اقدار اور ثقافت میں مضبوطی سے جڑے ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔