ذوالفقار علی بھٹوکا95واں یوم پیدائش 5جنوری کو منایا جائے گا

فیصل آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین،سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹوکا95واں یوم پیدائش 5جنوری کو منایا جائے گا۔ اس حوالے سے فیصل آباد سمیت ملک بھر میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کیک کاٹے جائیں گے جبکہ پیپلز پارٹی کے وفاقی و صوبائی قائدین اورمقامی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کی ملک و قوم کیلئے پیش کی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔پارٹی چیئرمین کی سالگرہ کے سلسلے میں پاکستان کے علاوہ بیرون ملک بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو 5جنوری 1928 کو سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہوئے وہ پاکستان کے وزیر خارجہ،وزیر اعظم اور صدر رہ چکے ہیں انہوں نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد سیاسی رہنما تھے جنہوں نے سیاست کو ڈرائنگ روم سے نکال کر غریب کے گھروں تک پہنچا دیا اس لیے انہیں قائد عوام کا خطاب عطا ہوا ان کے بعد ان کی بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی اپنے باپ کی پیروی کرتے ہوئے ملک کیلئے جان قربان کر دی۔