کراچی (نیوزڈیسک)سینئر ڈپٹی کنوینئر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے سامنے تعصب بھری گفتگو کر رہے تھے، وزیراعظم نے گفتگو سنی اور اس تعصب پر ایک لفظ نہیں بولے۔ہفتہ کو کراچی میں شہداء پکا قلعہ کی 33ویں برسی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کل کی تقریر میں کوئی قوم پرست لیڈر معلوم ہوئے۔انہوں نے کہاکہ یہ ظلم اور تعصب کراچی کے ساتھ کھلم کھلا ہو رہا ہے، یہ تعصب بند ہونا چاہیے، اس سے پاکستان کو نقصان ہوگا، شہداء پکا قلعہ کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کےفور کی لائن اگر بنی تو اس میں پانی نہیں دے سکتے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ وزیراعظم سے مخاطب ہو کر کہنے لگے کہ یہ لائن آپ بنا رہے ہیں تو پانی بھی آپ دیں۔انہوں نے کہاکہ وفاق سے سندھ کو ملنے والے پانی سے کراچی کو صرف 2 فیصد پانی دیا جاتا ہے۔مصطفی کمال نے کہاکہ کراچی کی آبادی پورے سندھ کی آبادی میں آدھی سے بھی زیادہ ہے۔















