اہم خبریں

جمشید چیمہ،مسرت چیمہ نے بھی تحریک انصاف سے راہیں جدا کر لیں

اسلام آباد(نیوزڈیسک)مسرت جمشید چیمہ اور ان کے شوہر جمشید چیمہ نے بھی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) چھوڑنے کا اعلان کردیا،دونوں رہنمائوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کااعلان جمعرات کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر جمشید چیمہ نے کہاکہ ہم پر کوئی دبائو نہیں ہے، جمشیدچیمہ نے کہاکہ جناح ہائوس پرحملے کاکوئی پلان نہیں تھا،نو مئی کے واقعات پر افسو س ہے،ہم نو مئی کے واقعات کی پرزورمذمت کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ توڑپھوڑ کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے،رجیم چینج کے بعد عمران خان کے بیانئے کو نہ روکنے کا قصور بھی ہمارا ہے،اس سے قبل آج ہی جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے جمشید چیمہ اور مسرت جمشید چیمہ کے نظر بندی کے آرڈر منسوخ کیے جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی۔یاد رہے کہ 9 مئی کے روز القادر ٹرسٹ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں متعدد مقامات پر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا اس دوران شرپسند کارکنوں نے ریاستی اور فوجی تنصیبات پر دھاوا بول دیا۔3 روز کے پرتشدد احتجاج کے دوران 8 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، اس دوران ریاست و فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا، ملکی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پاکستان نے کئی روز تک انٹرنیٹ معطل رکھا۔بعد ازاں حکومت نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔9 مئی کے بعد سے عمران خان کے کئی قریبی ساتھیوں سمیت کئی ارکان پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں، یہی نہیں متعدد کارکنان نے فوجی تنصیبات پر حملوں کے پیچھے عمران خان کی کئی پالیسیوں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں